اسلام آباد وزیراعظم فاروق حیدر نے الیکشن کے حوالے سے دبنگ اعلان کر دیا۔

اسلام آباد(پی آئی ڈی) 04مارچ2021
وزیر اعظم ریاست جموں وکشمیر و صدرمسلم لیگ ن راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہا ہے کہ آزادجموں وکشمیر کے عوام مسلم لیگ ن کا پرچم سربلندرکھیں گے،مریم نوازکشمیر کی بیٹی ہے، مسلم لیگ قائد اعظم کی جماعت ہے،آج سے گیارہ سال قبل محمد نوازشریف نے مسلم لیگ ن کا قیام آزادجموں وکشمیر میں عمل میں لایا تھا آج مسلم لیگ ن اللہ کے فضل سے سب سے بڑی جماعت ہے۔ اگرگلگت بلتستان والا ڈرامہ آزادکشمیر میں رچایا گیا تو پھر ہندوستان کی حکومت اور پاکستان کی حکومت میں کیا فرق رہ جائے گا،آزادکشمیر کو گلگت نہ سمجھیں، آزادکشمیر کے الیکشن میں اگر عوام کے ووٹ سے چھیڑخانی کی گئی توپھر میں بتاناچاہتا ہوں کہ گلگت سے اسلام آباد تک 20گھنٹے لگتے ہیں جبکہ مظفرآباد سے مجھے 2گھنٹے لگتے ہیں۔ آزادکشمیر میں وہی حکومت میں آئے گا جسے عوام ووٹ سے لائیں گے۔یوسف رضا گیلانی کی جیت سے کل سومنات کا مندر ٹوٹنے کی مبارکباد دیتا ہوں، تکبر اللہ کو پسند نہیں، اللہ نے تکبر کو سزا دی ہے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے مسلم لیگ ن کے جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مسلم لیگ ن کی نائب صدر محترمہ مریم نوازشریف، سیکرٹری جنر ل احسن اقبال اور دیگر مرکزی عہدیداران نے بھی خطاب کیاجبکہ اس موقع پر مسلم لیگ ن کی مرکزی قیادت و سینئر رہنما بھی موجود تھے۔ مسلم لیگ ن جنر ل کونسل کے اجلاس میں آمد پر راجہ محمد فاروق حیدرخان کا پرپتاک استقبال کیا گیا اور راجہ محمد فاروق حیدرخان کے حق میں زبردست نعرے بازی کی گئی۔ جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدرمسلم لیگ ن آزادجموں وکشمیر نے کہاکہ محمد نوازشریف کے خاندان اور مسلم لیگ ن نے جس طرح فسطائیت کا مقابلہ کیا اس کی مثال نہیں ملتی،انشاء اللہ ظلم کی رات ختم ہونے والی ہے۔انہوں نے کہاکہ مریم نوازشریف نے جس طرح پاکستان بھر میں نوازشریف اور مسلم لیگ ن کے نظریے کو عام کیا اس پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، پاکستان کے عوام مسلم لیگ ن اور محمد نواز شریف کو دوبارہ دیکھنا چاہتے ہیں، ڈسکہ، وزیر آباد اور نوشہرہ کے لیگی کارکنان کو مبارکباددیتا ہوں، ڈسکہ میں 18مارچ کو مسلم لیگ ن ہی فتح یاب ہو گی، عوام نے فیصلہ سنادیا ہے کہ وہ مسلم لیگ ن اور محمد نوازشریف کو دوبارہ لانا چاہتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں